اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں پاکستان کے نئے سفیر آصف علی خان درانی نے اتوار کو اپنی اسناد سفارت صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کوپیش کیں- اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں ملکوں کی حکومتوں اور اقوام کے گہرے اور دوستانہ تعلقات نے باہمی اقتصادی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کا موقع فراہم کر رکھا ہے- انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ملکوں نے اقتصادی میدانوں میں جن معاہدوں پر دستخط کئے ہیں ان پر جلد سے جلد عمل درآمد شروع کیا جائے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دہشت گرد گروہوں کی، جو کسی بھی اسلامی اور انسانی اصول کی پابندی نہیں کرتے، سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مشترکہ سرحدوں اور علاقے میں امن اور سیکورٹی کی برقراری کے لئے آپسی تعاون کو بہت زیادہ اہم بتایا- انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنا آسان کام نہیں ہے البتہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی فوج اور سیکورٹی فورس کے اندر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پختہ عزم پایا جاتا ہے- انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایرانی عوام کے دل میں پاکستان کے عوام اور اس ملک کا خاص مقام ہے، کہا کہ مشترکہ ثقافت، مذہبی عقائد اور دونوں ملکوں کی مشترکہ محترم شخصیات نے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تعلقات کی بنیاد ڈالی ہے- تہران میں پاکستان کے نئے سفیر آصف علی خان درانی نے بھی اپنی اسناد سفارت پیش کرنے کے بعد کہا کہ دونوں دوست اور برادرملکوں کا اسٹریٹیجک تعاون سخت اور دشوارحالات میں کھل کر سامنے آیا ہے- انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات بھی اتنی اعلی سطح پر پہنچنے چاہئیں کہ جتنی اعلی سطح پر سیاسی تعلقات ہیں۔
۔۔۔۔۔
/169